32

پی ایس ایل فور کی اختتامی تقریب کا میوزک کنسرٹ منسوخ ہونے کا امکان


کراچی: پی ایس ایل فور کی اختتامی تقریب کا میوزک کنسرٹ منسوخ ہونے کا امکان ہے، اختتامی تقریب کو سادہ رکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کے واقعے کے سبب پی ایس ایل فور کی اختتامی تقریب کا میوزک کنسرٹ منسوخ ہونے کا امکان ہے، ذرائع کے مطابق اختتامی تقریب میں کنسرٹ کی جگہ ملی نغمے پیش کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فور کے فائنل سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

دوسری جانب اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپیل کی تھی کہ پی ایس ایل فائنل سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے، بہتر ہوگا احترام میں کنسرٹ کی جگہ ملی نغمے پیش کیے جائیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کی اختتامی تقریب، نازیہ حسن کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا

شاہد آفریدی نے لکھا کہ کرائسٹ چرچ میں 9 شہید پاکستانیوں اور دیگر شہدا کا غم منا رہے ہیں، شہید افراد کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کے فائنل میچ سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب ہونی ہے جس میں اداکار فواد خان، ساحر علی بگا، آئمہ بیگ، جنون گروپ، زوہیب حسن ودیگر کو پرفارم کرنا ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں آسٹریلوی شہری کی دو مساجد میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 50 شہری شہید ہوگئے تھے جن میں 9 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

گزشتہ روز ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔

Comments

comments





Source link