31

پی ایس ایل فائنل کیلئے شائقین پرجوش: مختلف شہروں میں بڑی اسکرینوں کا انتظام | کھیل


کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں شائقین آج بڑی اسکرینوں پر میچ سے محظوظ ہوسکیں گے۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل مقابلے کے لیے شائقین کرکٹ پرجوش ہیں اور اس جوش میں مزید اضافے کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں بڑی اسکرین پر میچ دکھانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان پی ایس ایل کا فائنل رات 8 بجے شروع ہوگا اور اس سے قبل ملک کے مختلف شہروں میں میچ دیکھنے کی تیاریاں بھی کی جارہی ہیں۔

کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں میچ دیکھنے کے لیے بڑی اسکرینیں لگائی جارہی ہیں جہاں شائقین آج کھیلے جانے والے میچ سے محظوظ ہوسکیں گے۔

کراچی کے بڑے شاپنگ مالز سمیت سوسائیٹیز اور کراچی پریس کلب میں بڑی اسکرین پر میچ دکھایا جائے گا۔

ڈیفنس میں واقع ایس کے بی زیڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی شائقین نے براہ راست میچ دکھانے کا انتظام کیا ہے اور شائقین کرکٹ کو انتظامیہ کی جانب سے بھی دعوت دی گئی ہے کہ وہ آکر میچ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔


لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل بڑی اسکرین پر دکھانے کے لیے گریٹر اقبال پارک، گلشن اقبال اور جیلانی پارک میں انتظامات کیے گئے ہیں۔





Source link