18

کراچی:ایک ہی گھر کے6افراد کی پراسرار ہلاکت کے کیس میں اہم پیش رفت،کیا حقائق سامنے آ گئے؟جانیے


کراچی (ویب ڈیسک ساؤتھ زون انویسٹی گیشن پولیس نے قصر ناز میں کھٹمل مار دوا کے باعث 5 بچوں اور ان کی پھوپھی کی ہلاکت کے مقدمے میں 6 ملازمین کو گرفتار کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چند روز قبل کوئٹہ کے رہائشی فیصل زمان اپنے خاندان کے ہمراہ اہلیہ کے علاج کی غرض سے

کراچی پہنچے اور انھوں نے قصر ناز میں رہائش اختیار کی۔اس دوران انھوں نے پریڈی کے علاقے میں قائم ایک ریسٹورنٹ سے بریانی کھائی جس کے چند گھنٹے بعد ہی 5 بچوں، ان کی ماں اور پھوپھی کی حالت خراب ہوگئی۔ تمام افراد کو اسپتال لے جایا گیا لیکن5بچے اور ان کی پھوپھی انتقال کرگئے جبکہ ماں کو علاج کے بعد اسپتال سے روانہ کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ڈیڑھ سالہ علی،4سالہ عزیز فیصل،6سالہ علینہ،7سالہ توحید اور9سالہ سلویٰ کے علاوہ ان کی پھوپھی بینا شامل ہیں۔ بچوں کی ہلاکت22فروری کو ہوئی تھی جبکہ بچوں کی پھوپھو اگلے روز دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئی تھیں۔ واقعے کی جب اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع کی گئی تو اس میں ثابت ہوا کہ قصر ناز میں کھٹمل مار دوا استعمال کی گئی تھی جس کے اثر کے باعث تمام افراد کی موت واقع ہوئی۔ گزشتہ روز اعلیٰ پولیس حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ قصر ناز کے6ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں ایک افسر بھی شامل ہے۔ ان افراد نے کھٹمل مار دوا کمروں میں ڈالی تھی جبکہ اس دوا کو استعمال کرنے کے بعد 24سے36گھنٹے بعد کمرے کھولے جاتے ہیں تاہم مقررہ وقت سے قبل ہی نہ صرف کمرے کھول دیے گئے بلکہ انھیں رہائش کے لیے بھی دے دیے جہاں کوئٹہ کے بدنصیب خاندان نے قیام کیا اور وہ اپنی جان سے چلے گئے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ گرفتار کیے گئے افراد سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔





Source link