15

عمران خان کے استعفے یا نئے انتخابات پر ہی مذاکرات ہو سکتے ہیں: احسن اقبال | پاکستان


گلگت سے گودار اور نارووال سے کراچی تک ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے: احسن اقبال۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے عمران خان مذاکرات کی بات کرتے ہیں، مذاکرات صرف عمران خان کے استعفے یا نئے انتخابات پر ہو سکتے ہیں۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا حکومت چند غلط معلومات کے ذریعے یہ تاثر دے رہی ہے کہ ن لیگ تقسیم ہو گئی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ گلگت سے گودار اور نارووال سے کراچی تک ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن سے مذاکرات کی بات پر احسن اقبال نے کہا کہ عمران مذاکرات کی بات کرتے ہیں، مذاکرات صرف عمران خان کا استعفیٰ یا نئے انتخابات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت پوری اپوزیشن کر چکی ہے، تمام جماعتیں حکومت کو رخصت کرنے پر متفق ہیں۔

رہنما ن لیگ نے حکومت کو مشورہ دیا کہ بہتر ہے حکومت خود اگلے سال عام انتخابات کا اعلان کر دے۔





Source link